امت نیوز ڈیسک //
آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات قابو میں ہیں لیکن جنوبی علاقے پیر پنجال اور راجوری پونچھ میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی کوششوں سے جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوں میں تشدد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
لکھنومیں 76ویں آرمی ڈے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پانڈے نے کہا، ”مغربی محاذ پر جموں و کشمیر میں حالات قابو میں ہیں۔ لیکن پچھلے کچھ مہینوں میں پیر پنجال اور راجوری پونچھ کے جنوبی علاقے میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ”
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی ہے، لیکن دراندازی کی کوششوں سے یہ واضح ہے کہ سرحد کے پار ملی ٹینسی کا بنیادی ڈھانچہ اب بھی برقرار ہے۔ فوج نے پوری چوکسی برقرار رکھتے ہوئے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ سیکورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوں میں ملی ٹنسی سے متعلق واقعات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔