امت نیوز ڈیسک //
جموں کشمیر پولیس کے خصوصی تفتیشی یونٹ نے شوپیاں ضلع کے گاگرن علاقے میں غیر مقامی مزدوروں پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سال 2023 کے موسم گرما کے دوران شوپیاں کے گاگرن علاقے میں غیر مقامی مزدوروں پر دہشت گردانہ حملے سے متعلق ایک اہم پیش رفت میں، خصوصی تفتیشی یونٹ شوپیان نے کامیابی کے ساتھ ایک جامع الزام تیار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ چارج شیٹ آج کولگام کی خصوصی جج (این آئی اے کورٹ) کی معزز عدالت میں پیش کی گئی ہے، جس میں ان چھ ملزمان کے خلاف جن کی شناخت عدنان شفیع ولد محمد شفیع شاہ، زاہد احمد شاہ ولد عبدالغفار شاہ ،حنظل یعقوب شاہ ولد محمدیعقوب شاہ ساکنان راولپورہ شوپیاں، دانش حمید ٹھوکر عرف مسلم بھائی (مہلوک) ولد عبدالحمید ٹھوکر ساکن چکورہ شوپیاں، حازم رشید شیخ ولد عبدالرشید شیخ اور مدحت احمد ڈار ولد محمد یعقوب ڈار ساکنان بمنی پورہ شوپیاں قابل ذکر ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران، وہ شوپیاں کے علاقے گاگرن میں کرائے کی رہائش میں رہنے والے مزدوروں پر گھناؤنے حملے میں ملوث پائے گئے، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔کیس کی اگلی سماعت 20 فروری 2024 کو ہوگی، جیسا کہ معزز عدالت نے اعلان کیا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد متاثرین اور ان کے خاندانوں کو انصاف دلانا ہے، اس قابل مذمت فعل میں ملوث مجرموں کے لیے احتساب کو یقینی بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس آئی یو شوپیان مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کے لیے وقف ہے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔