امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: چنڈی گڑھ میئر کے انتخاب کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت میں تین ججوں نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے پریزائیڈنگ آفس کی ویڈیو بھی دیکھی جس میں وہ مبینہ طور پر ووٹ کینسل کر رہے ہیں۔ سی جے آئی نے کہا کہ یہ جمہوریت کا مذاق ہے۔ جو کچھ ہوا اس سے ہم حیران ہیں۔ سی جے آئی نے کہا کہ ہم اس طرح جمہوریت کے قتل کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سی جے آئی نے انتخابات کی مکمل ویڈیو پیش کرنے کو کہا ہے اور نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے چندی گڑھ میئر کے انتخاب کو چیلنج کرنے والی کلدیپ کمار کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ تمام دستاویزات اور تمام ویڈیو ثبوتوں کے ساتھ شام 5 بجے تک پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے پاس مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کی 7 فروری کو ہونے والی پہلی میٹنگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔
ابھیشیک منو سنگھوی نے عدالت میں بحث شروع کی۔ سنگھوی نے عدالت میں ایک پین ڈرائیو دی جس میں انتخابات کی ویڈیو گرافی کی فوٹیج موجود تھی۔
سنگھوی نے کہا کہ ہم 20 تھے، بی جے پی 16۔ ووٹنگ میں 36 افراد ووٹ ڈالتے ہیں۔ افسر نے 8 افراد کو نااہل قرار دیا۔ یہ سب لوگ ہمارے تھے۔ 20 کم ہو کر 12 ہو جاتا ہے۔ ہائی کورٹ نے بیلٹ کو محفوظ نہیں کیا، لیکن تین ہفتوں کے لیے نوٹس جاری کیا۔