امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ان دنوں غیر قانونی قبضہ بتا کر مذہبی مقامات کو منہدم کرنے کا واقعہ روز سامنے آ رہا ہے۔ معاملہ کورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن آفیسر اپنے من مانے طریقے سے مذہبی جگہوں کو گرانے سے گریز نہیں کر رہے ہیں۔ ریاست اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کچھ اسی طرح کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
جہاں افسران نے جے سی بی مشین کے ذریعے مدرسہ، مسجد اور مزار کو غیر قانونی بتا کر اسے منہدم کر دیا جس کے بعد تشدد بھڑک اٹھا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی کاروائی کی مخالفت کی جس کے جواب میں پولیس نے فائرنگ اور لاٹھی چارج کی ہے۔
جانکاری کے مطابق، ہلدوانی ضلع کے بنبھول پورہ علاقہ میں مبینہ طور غیر قانونی طور پر بنائی گئی مسجد، مدرسہ اور مزار کو پولیس منہدم کرنے گئی تھی۔ جس کی مقامی مسلمانوں نے مخالفت کی، تو پولیس نے لاٹھی چارج کی اور تشدد بھڑک اٹھا۔
مذہبی مقامات کو منہدم کیے جانے سے ناراض لوگوں نے دیر شام بنبھول پورہ پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کردیا۔ دریں اثنا، رودر پور سے دو کمپنی پی اے سی ہلدوانی کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔