امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں کشمیر انتظامیہ نے ان بجلی صارفین کے لئے مزید رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جن کا بجلی فیس واجب ادا ہے۔ انتظامیہ نے گھریلو صارفین کے لئے ایمنسٹی اسکیم میں سال 2025 تک توسیع کی ہے۔ ایمنسٹی اسکیم کے مطابق ان صارفین کو فیس ادا کرنے میں رعایت دی جاتی ہے جو برسوں سے فیس ادا نہیں کر پا رہے ہیں۔ محکمہ بجلی صارفین کے فیس پر سود کو معاف کرنے کے علاوہ واجب الادا رقم کو باره قسطوں میں بارہ مہینوں تک کی قسطوں میں ادا کرنے کی رعایت دیتا ہے۔
جموں کشمیر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ نے اس ضمن میں نیا حکمنامہ جاری کر دیا ہے جس میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ محکمہ نے انتظامیہ کی اجازت کے بعد ایمنسٹی اسکیم میں مارچ 2025 تک توسیع کی ہے۔ حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ صارفین جن کی فیس بقایا ہے اس اسکیم کا فائدہ اٹھا کر فیس ادا کریں۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ آخری موقع ہے اور موجودہ انتظامیہ مستقبل میں ایمنسٹی نہیں دے گا لہذا صارفین فیس ادا کرے۔‘‘
سال 2021 میں بھی انتظامیہ نے صارفین کو ایمنسٹی دی تھی جس کے تحت ہزاروں صارفین کے واجب الادا فیس پر سود اور جرمانہ معاف ہوا۔ اس اسکیم کا ہزاروں صارفین نے فائدہ اٹھایا لیکن ہزاروں صارفین نے بھی کوتاہی برتی۔ وہیں ماضی میں بھی منتخب سرکاروں نے یہ اینمسٹی اسکیم جاری کی تھی جس کے تحت صارفین نے بقایہ رقم ادا کیا تھا۔








