امت نیوز ڈیسک //
وزیر اعظم نریندر مودی نے نو منتخب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب ایردوآن، تاجکستان اور ایران کے صدر نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ادھر ملائشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے فون پر اپنے ہم منصب شہباز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
انور ابراہیم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے ملائیشین وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ متعدد امور پر مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔









