امت نیوز ڈیسک //
حیدرآباد: ملک میں لوک سبھا انتخابات 2024 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے، تمام سیاسی پارٹیاں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں بھی مصروف ہیں۔ ایسے میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے بھی مغربی بنگال کی تمام 42 لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔
جس میں سب زیادہ حیران کن نام کرکٹر یوسف پٹھان کا ہے جن کو کانگریس کے ادھیرنجن چودھری کے خلاف بہرام پور کی سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔جس کے بعد اب کرکٹ پچ پر چھکے اور چوکے لگانے والے یوسف پٹھان سیاسی پچ پر ہاتھ آزمانے کے لیے بالکل تیار ہیں۔
یوسف پٹھان بھارتی کرکٹ کے خطرناک بلے باز رہے ہیں، انہوں نے اپنی بلے بازی سے مخالف ٹیم کے چھکے چھڑا دیتے ہیں۔ آئی پی ایل 2010 میں راجستھان رائلز کے لیے کھیلتے ہوئے یوسف پٹھان نے 37 گیندوں میں سنچری اسکور کی تھی۔یہ آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری تھی تاہم اس کے بعد کرس گیل اور اے بی ڈویلیئرز نے یہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
اس وقت یوسف پٹھان کو سیاسی پچ پر ریکارڈ بنانے کے لیے پچ مل گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ سیاسی پچ پر بھی ریکارڈ بنا پاتے ہیں یا نہیں۔ یہ یوسف پٹھان کا پہلا الیکشن ہوگا۔
یوسف پٹھان کے علاوہ ٹی ایم سی نے کیرتی آزاد کو درگاپور سے لوک سبھا کا ٹکٹ دیا ہے۔کیرتی آزاد اب بھی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تین بار دربھنگہ بہار سے ایم پی رہ چکے ہیں۔ 2019 میں کانگریس میں شامل ہونے کے بعد، وہ ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔
دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ یوسف پٹھان 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ کیرتی آزاد 1983 میں کپل دیو کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔
یوسف پٹھان نے 2021 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ انہوں نے بھارت کے لئے 57 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں، انہوں نے ون ڈے میں 810 رنز بنائے ہیں جس میں 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کیرتی آزاد نے بھی بھارت کے لیے 7 ٹیسٹ اور 25 ون ڈے میچ بھی کھیل چکے ہیں۔