امت نیوز ڈیسک //
جموں: صوبہ جموں کے ادھم پور ضلع میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی موت واقع ہو گئی۔ یہ حادثہ ادھم پور ضلع کے گرنائی علاقے میں سرینگر جموں ہائی وے پر پیش آیا جہاں ایک بائک (موٹر سائیکل) اور ایک ٹرک کے درمیان تصادم میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے دو کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ زخمی ہوئے تیسرے نوجوان کو علاج و معالجہ کے لیے جی ایم سی (گورنمنٹ میڈیکل کالج) جموں منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ڈوڈہ ضلع کے تین نوجوان پیر اور منگل کی درمیانی شب موٹر سائیکل پر جموں جی ایم سی جا رہے تھے اور گرنائی، ادھمپور علاقے میں ہائی وے پر ایک ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ موٹر سائیکل سوار جی ایم سی جموں میں کسی اور کی خیریت دریافت کرنے جا رہے تھے، لیکن حادثے نے تینوں کی جان چھین لی۔ حادثہ میں فوت ہوئے افراد کی شناخت شہزاد حسین ولد عبدالعزیز ساکنہ چنیاس ڈوڈہ، مبشر حسین ولد غلام محمد ساکن گنڈانہ، ڈوڈہ اور ومل کمار ولد رام ناتھ ساکن ٹھاٹھری، ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔
دوسری جانب جموں کشمیر پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر لیا ہے۔ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لیکر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے حادثے میں فوت ہوئے تینوں افراد کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد فوت ہوئے افراد کی جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔