امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں کشمیر کی پانچ نشستوں پر ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے پیش الیکشن کمیشن کی جانب سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد کرنے کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سرینگر ضلع کے مجسٹریٹ بلال محی الدین بٹ نے سرینگر میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ تک جاری رہے گی۔
اگرچہ ضلع مجسٹریت نے یہ تفصیل نہیں دی ہے کہ سرینگر میں کتنے لائسنس یافتہ اسلحہ ہیں تاہم انہوں نے احکامات صادر کئے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات مکمل ہونے تک امن و امان کی برقراری کو یقینی بنانے کی خاطر لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سرینگر کے علاوہ ضلع جموں میں بھی یہ پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ جموں کشمیر کے دیگر اٹھارہ اضلاع میں بھی یہ احکامات جاری ہونے جا رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی پارلیمانی انتخابات منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے۔ بھارت بھر میں کُل سات مرحلوں میں الیکشن منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے 13 مئی کو چوتھے مرحلے میں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے ابھی تک سبھی مین اسٹریم سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے نام جاری نہیں کیے ہیں۔