امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ دلی کی تمام طاقتیں نیشنل کانفرنس کو لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں ملیٹنسی کو نیشنل کانفرنس کے خلاف استعمال کیا گیا۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ این سی کسی بھی انتخابات کو ہلکے سے نہیں لیتی اور لوک سبھا انتخابات کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کوئی بھی الیکشن جیتنا آسان نہیں ہوتا۔ ہر الیکشن میں مختلف حالات ہوتے ہیں۔ اس بار مرکز کی پوری طاقت سے ہمیں ہرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس سے پہلے کے انتخابات میں بندوقوں کا استعمال ہوا تھا، این سی عسکریت پسندی کا سب سے بڑا ہدف رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم نے سب سے مشکل وقت میں الیکشن لڑا ہے۔ چاہے وہ 1996 میں ہو، یا جب میں نے 1998 اور 1999 میں سخت بائیکاٹ کالوں کے باوجود اپنے الیکشن لڑے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی الیکشن کو ہلکے سے نہیں لیتے، ہم اپنی تیاریاں کر رہے ہیں اور ہمیں جیتنے کی امید ہے۔
جموں و کشمیر میں مقامی جماعتوں کے تیسرے محاذ کے سامنے آنے کے بارے میں پوچھے جانے پر عبداللہ نے کہا کہ اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا، کیونکہ ماضی میں بھی ایسی کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے اس طرح کے گٹھ جوڑ پہلے بھی دیکھے ہیں، جب 1977 میں شیخ محمد عبداللہ کے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی ہوئی تھیں۔ نتیجہ سب کو معلوم ہے۔ اس لیے چاہے وہ بی ٹیم ہو یا سی ٹیم، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔