امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو دو نئے الیکشن کمشنروں کی تقرری میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات قریب ہیں اور ان کی تقرری پر روک لگانے سے افراتفری پیدا ہوگی۔
جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتا پر مشتمل بنچ نے ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی نمائندگی کرنے والے وکیل پرشانت بھوشن سے کہا کہ وہ آرٹیکل 324 کی شق 2 پڑھیں۔ جسٹس کھنہ نے کہا کہ شروع سے لے کر 2023 میں اس عدالت کے فیصلے تک الیکشن کمشنروں کی صدر جمہوریہ تقرریاں کر رہے تھے۔
جسٹس کھنہ نے اپنے تبصرہ میں کہا کہ، "شروع سے لے کر فیصلے تک، صدر جمہوریہ تقرریاں کر رہے تھے۔۔۔ اور ایک طریقہ کار مقرر تھا اور اس نے کام کیا۔ ظاہر ہے، اس فیصلے (2023) کا مقصد پارلیمنٹ کو قانون بنانے پر مجبور کرنا تھا۔ یہ ایک جھٹکا تھا۔ یہ عدالت یہ نہیں کہہ سکتی کہ کس قسم کا قانون پاس ہونا ہے۔۔۔۔ایسا نہیں ہے کہ پہلے الیکشن نہیں ہوئے تھے۔۔۔“
بنچ نے پرشانت بھوشن کو بتایا کہ 1950 سے الیکشن کمشنروں کی متعدد تقرریاں کی گئی ہیں اور اگر عرضی گزاروں کے اعتراضات کو قبول کر لیا جاتا ہے تو یہ اس پس منظر میں افراتفری کا باعث بنے گا کیوں کہ انتخابات قریب ہیں۔
بنچ نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ الیکشن کمشنروں کے خلاف کوئی الزامات نہیں ہیں۔ بھوشن نے عدالت عظمیٰ پر زور دیا کہ وہ یہ ہدایت دے کہ چیف جسٹس آف انڈیا پر مشتمل پینل الیکشن کمشنر کا انتخاب کرے۔
بنچ نے کہا کہ 2023 میں منظور کردہ آئینی بنچ کے فیصلے میں یہ نہیں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور کردہ نئے قانون میں سلیکشن کمیٹی میں عدالتی رکن کو شامل کیا جانا چاہئے، اور مزید کہا کہ بھوشن یہ نہیں کہہ سکتے کہ الیکشن کمیشن ایگزیکٹو کے انگوٹھے کے نیچے ہے۔
عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے ایک نیا نظام وضع کرنے والے 2023 کے قانون پر روک لگانے سے بھی انکار کر دیا اور تیز رفتار تقرریوں کے لیے مرکزی حکومت پر بھی تنقید کی۔
مرکز کی نمائندگی کرنے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ 2023 کا فیصلہ یہ بالکل واضح کرتا ہے کہ الیکشن کمشنر اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے پارلیمنٹ کو ایک قانون پاس کرنا ہوگا۔ مہتا نے کہا کہ ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے انتخاب کا عمل شروع ہوا۔
بنچ نے کہا کہ مرکز نے پینل کے ارکان کو 14 مارچ کو الیکشن کمیشن کی تقرری کے لیے امیدواروں کی فہرست دی تھی۔ بنچ نے مرکز سے پوچھا کہ اس نے الیکشن کمیشن کے لیے 200 میں سے 6 ناموں کو کیسے شارٹ لسٹ کیا اور سلیکشن کمیٹی کے ممبران کو کچھ اور دن دینا چاہیے تھا۔ بنچ نے کہا کہ مرکز کو کچھ سست روی اختیار کرنی چاہئے تھی۔ بنچ نے مہتا سے سوال کیا کہ جب اپوزیشن لیڈر نے ناموں پر غور کرنے کے لئے کچھ وقت مانگا تو انہیں اضافی وقت کیوں نہیں ملا؟