امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر کے ادھمپور ضلع کے چنانی علاقے میں نجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک شخص موقعے پر ہی جاں بحق ہو گیا، جب کہ تین دیگر شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر اتوار کے روز چنانی کے نزدیک ایک بلیرو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔
معلوم ہوا ہے کہ حاثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ضلع رامبن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک ایک مسافر بردار ٹیکسی کے ایک گہری کھائی میں جا گرنے کے نتیجے میں 10 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ متوفین میں سے 9 افراد ریاست بہار سے تعلق رکھتے ہیں، اور یہ تمام افراد مزدور تھے۔
غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں ہر سال ٹریفک حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوتے ہیں۔ حادثات زیادہ تر سرینگر جموں شاہراہ پر ہی رونما ہوتے ہیں۔
حکام اور ماہرین کے مطابق ٹریفک قوانین سے ناواقفیت اور ان پر عمل درآمد نہ کرنا ٹریفک حادثات کا موجب بنتے ہیں، تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی حادثات کا موجب بنتی ہیں۔
(یو این آئی)