امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: حکومت نے ہندوستانی شہریوں کو ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کریں اور جو لوگ وہاں پہلے سے موجود ہیں وہ انتہائی احتیاط برتیں۔
جمعہ کو یہاں جاری ایک ایڈوائزری میں وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام ہندوستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک ایران یا اسرائیل کا سفر نہ کریں۔
وزارت نے کہا کہ جو لوگ فی الحال ایران یا اسرائیل میں مقیم ہیں، ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ وہاں موجود ہندوستانی سفارت خانوں سے رابطہ کریں اور اپنا اندراج کرائیں۔ ان سے یہ بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے حوالے سے انتہائی احتیاط برتیں اور اپنی سرگرمیوں کو کم از کم حد تک محدود رکھیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران اگلے 48 گھنٹوں کے اندر اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اسرائیل پر حملے کے سیاسی خطرات کا اندازہ لگا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب شام میں ایرانی قونصلیٹ کی عمارت کو ایک حملے نے تباہ کر دیا۔