امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ہندوستان نے جمعہ کو طالبان کی جانب سے افغانستان میں ہندوؤں اور سکھوں کے املاک کے حقوق بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ہے کہ "طالبان انتظامیہ نے افغانستان کے ہندوؤں اور سکھوں کو جائیداد کے حقوق بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے”۔
طالبان نے افغانستان میں ہندو اور سکھ اقلیتوں سے چھینی گئی نجی زمین واپس کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ جائیدادیں سابق حکومت سے منسلک طاقتور جنگجوؤں سے لی جا رہی ہیں۔ افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد بہت سے سکھ اور ہندو اس خوف سے افغانستان چھوڑ کر چلے گئے کہ انہیں ان کے مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جائے گا۔
اسلامک اسٹیٹ صوبہ خراسان کے جنگجوؤں کی جانب سے ہندوؤں اور سکھوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جنہوں نے سنہ 2022 میں امریکی انخلاء کے فوراً بعد خود کو طالبان کے لیے ایک چیلنجر کے طور پر پیش کیا تھا۔ اس نے ہندوؤں اور سکھوں پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا۔ ایک موقع پر ایک گوردوارے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ جنوری 2023 میں وہاں رہنے والے سکھوں کو سکھوں کی مقدس کتاب، گرو گرنتھ صاحب کے آخری دو ‘سوروپ’ کابل سے نئی دہلی میں لانے پر مجبور کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت کابل میں طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کرتا۔ نئی دہلی کابل میں ایک ‘تکنیکی ٹیم’ قائم کر رہا ہے۔ جو افغان مسافروں اور تاجروں کو بھارت میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرتا رہتا ہے۔ طالبان کے قبضے کے بعد ہندوستان اور افغانستان کے تعلقات عجیب و غریب ہیں۔
نیز جب سے افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہوئی ہے، ہندوستان جنگ زدہ ملک کو بحران سے نمٹنے میں مدد کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے میں ثابت قدم رہا ہے اور ایسا کرتا رہتا ہے۔ اگست 2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے بارے میں ہندوستان کا نقطہ نظر اس کی تاریخی دوستی کی طرف گامزن ہے۔