امت نیوز ڈیسک //
20 اپریل : ادھم پور پارلیمانی حلقہ کے رائے دہندگان نے جمعہ کو لوک سبھا انتخابات کے لیے 18 اسمبلی حلقوں میں سات مرحلوں پر مشتمل عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں 68.27 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق، ادھم پور میں 70.76 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے جبکہ دوسری طرف بانہال میں صرف 59.1 فیصد کے ساتھ سب سے کم ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔
مجموعی طور پر ووٹنگ کا تناسب 68.27 فیصد رہا جس میں ضلع ادھم پور میں 70.76 فیصد، ڈوڈہ ضلع میں 66.42 فیصد، کٹھوعہ ضلع میں 70.06 فیصد، ضلع رامبن میں 62.42 فیصد اور کشتواڑ ضلع میں 67.75 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
2019 کے عام انتخابات کے مقابلے اس مرتبہ اس حلقے میں پولنگ کا تناسب کم رہا جب ٹرن آؤٹ 70.02 فیصد رہا تھا۔
ادھم پور لوک سبھا سیٹ 18 اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جن میں اودھم پور ویسٹ، ادھم پور ایسٹ، چنانی اور رام نگر (ایس سی) ادھم پور، بنی، بلاور، بسوہلی، جسروٹا، کٹھوعہ (ایس سی) اور کٹھوعہ کے ہیرا نگر، اندروال، کشتواڑ اور پڈر-ناگسینی شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، بھدرواہ میں 63.02، ڈوڈہ میں 68.14، ڈوڈہ ویسٹ میں 69.36 فیصد، بانہال میں 59.1 فیصد، رامبن میں 66.7 فیصد ووٹنگ درج ہوئی ۔
چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) نے تاہم ادھم پور، کٹھوعہ اور کشتواڑ اضلاع کی کوئی تقسیم فراہم نہیں کی۔
پانچوں اضلاع، کٹھوعہ، ادھم پور، رامبن، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں لوگ خراب موسم کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلے اور اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس حلقے میں 1,623,195 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں 845,283 مرد، 777,899 خواتین اور 13 ٹرانس جینڈر ووٹرز ہیں۔ ان 18 اسمبلی حلقوں میں سے، بانہال میں پولنگ کا فیصد 60 فیصد سے کم رہا جہاں یہ 59.1 فیصد رہا۔ بانہال میں کل 122,596 ووٹوں میں سے صرف 72,434 ووٹ پول ہوئے۔ رامبن اسمبلی حلقہ میں کل 96528 ووٹوں میں سے 64,391 ووٹ پول ہوئے، جو کل ووٹوں کا 66.7 فیصد ہے۔ 2019 کے عام انتخابات میں، بانہال میں ووٹنگ کا فیصد 50.9 فیصد رہا، جو ادھم پور پارلیمانی حلقہ میں سب سے کم تھا۔