امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر مہاڑ اور رام بن میں مٹی کے تودے گر آنے اور کشتواڑی پتھر اور بانہال میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ہفتے کے روز ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘قومی شاہراہ پر مہاڑ، گنگرو اور کشتواڑی پتھر پر بحالی کا کام جاری ہے’۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قومی شاہراہ مکمل طور پر بحال ہونے تک اس پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
لوگوں کو شاہراہ کے متعلق تازہ اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن کے ساتھ رابطہ کرنے کو کہا گیا ہے۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک مسلسل بند ہے۔