امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 27 اپریل: پولیس نے ہفتہ کے روز کہا کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ترال کے ڈاد سرہ علاقے میں درگاہ اور مساجد کی بے حرمتی کے پیچھے ایک ذہنی طور پرمعذور شخص کا ہاتھ تھا۔
ایک تحری بیان میں پولیس نے کہا کہ ترال کے ڈاڈ سرہ علاقے میں واقع آستان عالیہ اور مقامی مساجد کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچانے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے کل کے واقعے کے حوالے سے شواہد کی بنیاد پر پولیس اونتی پورہ نے تحقیقات کے دوران ملزم کوگرفتار کیا۔ ملزم کی شناخت منظور احمد کے نام سے ہوئی۔
بیان کے مطابق واقعہ میں ملوث ترال سے تعلق رکھنے والا ملزم ذہنی طور پر معذور ہے۔پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے اہل خانہ اور جاننے والوں سے تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ شخص پہلے بھی اس طرح کا رویہ دکھا چکا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں اور ماحول کو خراب کرنے کے لیے شرپسند عناصر اور مفاد پرستوں کے جھانسے میں نہ آئیں ، جن کا مقصد ذاتی مفاد ہے۔