امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقہ میں پولیس نے مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کا حکم ملنے کے بعد چار بدنام زمانہ منشیات اسمگلروں کے خلاف PIT-NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوپور پولیس نے پرویز احمد خان ولد عبدالرشید خان ساکن ماڈل ٹاؤن سی سوپور، وسیم احمد حجام ولد محمد اکبر حجام ساکن دورو پیر محلہ، شہباز احمد ڈنگرو ولد غلام محی الدین ڈنگرو ساکن مچی پورہ بومئی سوپور اور شرافت اللہ شاہ ولد مظفر احمد شاہ ساکن شالپورہ سوپور کے خلاف PIT NDPS کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں منشیات اسمگلروں کو مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کا حکم ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ بعد میں انہیں کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان منشیات اسمگلروں کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور وہ اب بھی سوپور اور ضلع کے دیگر علاقوں کے مقامی نوجوانوں کو منشیات کی سپلائی کرکے منشیات کے استعمال میں ملوث کرتے تھے۔
اس ضمن میں عام لوگوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کے کردار کی سراہانہ کی۔ پولیس کے مطابق منشیات کی جڑ کو ختم کرنے کے لیے ایسی کارروائی جاری رہی گئی تاکہ سماج کو منشیات سے پاک کیا جائے۔