امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز معطل ہے تاہم اس کی بحالی کا کام زوروں سے جاری ہے۔حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کی مکمل بحالی تک اس پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘قومی شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، مسافروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مکمل بحالی تک اس پر سفر نہ کریں’۔
بتادیں کہ مسلسل بارشوں سے کئی مقامات پر چٹانیں اور مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک بند کر دیا گیا تھا۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ برف جمع ہونے کی وجہ سے بند ہے جبکہ سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل ہے۔