امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وادی کشمیر میں بارشوں کے تھمنے کے با وجود منگل کی صبح یہاں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبور کر گئی۔بتادیں وادی میں گذشتہ چند روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ پیر کی رات تھم گیا۔
محکمہ آبپاشی اور فلد کنٹرول کے مطابق رام منشی باغ میں منگل کی صبح آٹھ بجے جہلم میں پانی کی سطح 18 فٹ کے نشان کو چھو گئی ہے جو کہ فلڈ الرٹ جاری کرنے کے لئے مقرر کردہ سطح ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع پلوامہ کے پامپور میں بھی جہلم میں پانی کی سطح نے سیلاب کے نشان کو عبور کیا ہے۔
متعلقہ محکمے نے کہا: ‘خوش قسمتی سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سنگم علاقے میں جہلم میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوئی ہے اور اگلے کچھ گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح مزید کم ہونے کی توقع ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہم پوری وادی میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں’۔حکام نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو خبر دار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
وادی میں چند روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور وادی کے شہر و گام میں سڑکیں اور گلی کوچے پانی سے بھر گئے۔
ادھر ناساز موسمی حالات کے پیش نظر وادی میں اسکولوں کو منگل کے روز بنا بر احتیاط بند کر دیا گیا۔
جہاں ایک طرف وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ، تاریخی مغل رو ڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ بند ہے وہیں سرحدی ضلع کپوارہ کا بھی منگل کو دوسری دن وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ رابطہ منقطع رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں یکم مئی سے 5 مئی تک موسم میں بہتری متوقع ہے۔
یو این آئی