امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پاکستان میں مقیم 7 ملی ٹینٹ ہینڈلروں کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایڈیشنل سیشنز کورٹ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں مقیم 7 دہشت گرد ہینڈلروں کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد (8 کنال، 6 مرلہ اور 2 سرسائی اراضی) ضبط کی ہے۔
بیان میں ان ہینڈلروں کی شناخت سجاد احمد بٹ ولد غلام محمد ساکن بردن، ارشاد احمد خان ولد عبدالعزیز ساکن پرنگل، گلہ موچھی ولد گامہ موچھی ساکن لمبر، محمد اسلم خان ولد شاہ زمان ساکن پرنگل، محمد بیگ ولد عبدالغنی ساکن اجرہ، خالد میر ولد ایوب میر ساکن ہلر پیرنیان اور رفیق احمد بکروال ولد شمس الدین ساکن لمبر کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سی آر پی سی کے سیکشن 88 کے تحت انجام دی گئی اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بونیار میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس کی تحقیقات کے دوران یہ جائیداد مفرور دہشت گرد ہینڈلروں کی پائی گئی۔