امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: سرینگر میں پی ڈی پی کے دفتر میں آج درجنوں کارکنان نے مظاہرے کئے اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے پارٹی دفتر سے باہر آنے کی کوشش کی تاہم وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے ان کو سڑک پر جانے کی اجازت نہیں دی۔
پی ڈی پی کے سابق وزیر نعیم اختر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خراب موسم اور مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہونے کا بہانہ بنا کر الیکشن کو مؤخر کرنا لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کو لوگوں کے ووٹ کی قدر کرنی تھی اور اپنی متعین وقت پر انتخابات منعقد کرنے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پونچھ راجوری سے قبل ادھمپور میں بھی انتخابات منعقد ہوئے اور وہاں بھی کئی علاقوں میں سڑک رابطہ نہیں تھا اور موسم بھی خراب تھا۔
غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اننت ناگ-راجوری میں 25 مئی کو انتخابات کی نئی تاریخ طے کی ہے۔ اس حلقے میں 7 مئی کو انتخابات ہونے تھے۔ لیکن بھاتیہ جنتا پارٹی، پیپلز کانفرنس، اپنی پارٹی نے ان انتخابات کو مئوخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اس مطالبے کی مخالفت کی تھی۔