امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو جموں اور کشمیر کے بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
این سی کے خزانچی شمی اوبرائے اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر جی این مونگا کے ساتھ عمر عبداللہ نے بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا کے سامنے پرچہ نامزدگی داخل کیا، جو حلقے کے ریٹرننگ افسر ہیں۔ این سی لیڈر عمر عبداللہ کا مقابلہ پیپلز کانفرنس کے صدر اور علیحدگی پسندی سے مین اسٹریم کے سیاست دان بنے سجاد لون سے ہے۔
بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے پر جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ، "آج 20 سال بعد، میں نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔ پچھلے اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔ جموں و کشمیر میں 10 سال سے اسمبلی انتخابات نہیں ہوئے ہیں اور اس آنے والے الیکشن کی اہمیت یہ ہے کہ یہ 5 اگست 2019 کے بعد پہلا بڑا الیکشن ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم جموں و کشمیر کی 5 سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے اور لداخ کی سیٹ پر بھی”
اس سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 مئی ہے جبکہ پولنگ 20 مئی کو ہونے والی ہے۔ بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا نے کہا کہ، "کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 3 مئی ہے۔ اب تک، 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں، یہ عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے اور ہمارا باقی انتخابی عمل جیسے ہمارے پولنگ اسٹیشن کی تیاری ہمارے ڈسپیچ سینٹر کی تیاری بھی جاری ہے۔