امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے کہا کہ کانگرس کے لیڈران آنے والے دنوں میں نیشنل کانفرنس کے تین پارلیمانی امیدواروں کے لیے کشمیر میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، جس کے لئے کارکنان کو متحرک کیا جارہا ہے۔
سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار رسول نے کہا کہ انڈیا الائنس کے جو تین امیدارو ہیں وہ نیشنل کانفرنس کے لیڈر ہیں جو اپنے حلقوں میں مہم چلا رہے ہیں تاہم آنے والے دنوں میں کانگرس کے لیڈران بھی ان کے ساتھ مہم چلائیں گے۔
وقار رسول نے یہ بھی کہا کہ جموں اور ادھمپور کی دو سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کے لیڈروں نے کانگرس امیدوار کے لئے مہم چلائی تھی اور یہ دونوں سیٹیں انڈیا الائنس جیتے گی۔
واضح رہے کہ کانگرس اور نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی پانچ سیٹوں پر انڈیا الائنس کے معاہدے کے تحت ایک ساتھ انتخابات لڑ رہے ہیں۔ کانگرس نے جموں اور ادھمپور کی پارلیمانی سیٹوں پر لال سنگھ اور رمن بھلہ کو میدان میں اتارا تھا۔
جبکہ نیشنل کانفرنس، کشمیر کی تینوں سیٹوں بارہمولہ، سرینگر اور اننتناگ راجوری پر اپنی قسمت آزما رہی ہے۔ نیشنل کانفرنس کی جانب سے عمر عبداللہ، میاں الطاف اور آغا روح اللہ انتخابات لڑ رہے۔ جموں اور ادھمپور میں کانگرس کا مقابلہ بی جے پی کے ساتھ تھا، جبکہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کا مقابلہ محبوبہ مفتی کی جماعت پی ڈی پی کے ساتھ ہے۔