امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ : ’’عوام طاقت کا سرچشمہ ہے اور عوام کو اب کی بار (لوک سبھا الیکشن کے دوران) گھروں سے باہر نکل کر جمہوری طریقے سے جواب دینا ہے کہ پانچ اگست دو ہزار انیس کے (دفعہ 370کی منسوخی کے) فیصلے کشمیریوں کو قابل قبول نہیں ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ سے ترال تک منعقدہ ایک روڈ شو کے دوران ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’اس وقت وادی کشمیر کے لوگ سہمے ہوئے ہیں اور بات نہیں کر پاتے ہیں، جبکہ میڈیا بھی اچھی طرح کام نہیں کر سکتا ہے لیکن میں لوگوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ ہمت نہ ہارہیے، سب ٹھیک ہوگا لیکن ہمیں اپنی لڑائی جمہوری طریقے سے لڑنی چاہیے کیونکہ پتھر بازی یا بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں۔ لیکن اس کے لیے تیرہ مئی کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور اپنا ووٹ پی ڈی پی کے نامزد امیدوار وحید الرحمن پرہ کے حق میں ڈالنا ہوگا کیونکہ پی ڈی پی ہی وہ آواز ہے جو عوام کے احساسات کی ترجمانی کر سکتی ہے۔‘‘ اس موقع پر پی ڈی پی کے نامزد امیدوار وحید الرحمن پرہ، ضلع صدر سید باری اندرابی، ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ، کے علاوہ دیگر سینر عہدیداران بھی موجود تھے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا کہ ضلع انتظامیہ نے انہیں ترال کے ان علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی جہاں وہ جانا چاہتی ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ترال علاقہ میں انکا ووٹ بینک کافی مضبوط ہے اور یہاں جملہ ترقی میں پی ڈی پی نے کام کیا ہے لیکن اب ضرورت ہے کہ پی ڈی پی کے حق میں ووٹ کا استعمال کر کے ان عناصر کو جواب دیا جائے۔










