امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: وادی کشمیر میں جہاں دن کے دوران شدید گرمی نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے وہیں دوران شب بھی درجہ حرارت مسلسل معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے سے لوگوں کو کوئی خاص راحت نہیں مل رہی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 28 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 سے 31 مئی تک موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں 31 مئی تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں یکم اور 2 جون کو موسم جزی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 3 سے 5 جون تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا تاہم اگلے چار دنوں کے دوران جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے اور وادی کشمیر اور جموں کے پہاڑی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے۔
محکمے نے لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد، بچوں اور مریضوں کو زیادہ مقدار میں پانی پینے اور خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے دن کے 3 بجے تک گرمی سے بچنے کی تاکید کی ہے۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آپریشنز جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کا شبانہ درجہ حرارت بھی مسلسل معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 15.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔