امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ”کے پی ڈی سی ایل‘‘ سب ڈویژن سوپور میں تعینات سینئر اسسٹنٹ کو نو ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریر ی طورپر شکایت درج کی کہ ”کے پی ڈی سی ایل“سب ڈویژن سوپور میں تعینات سینئر اسسٹنٹ محمد شفیع بٹ سیکورٹی ڈپازٹ کی واگزاری کی خاطر دس ہزار روپیہ کی رشوت طلب کر رہا ہے۔
شکایت گزار نے کہا :’وہ ایم ایس پرنٹ پلس کے نام سے درگاہ حضرت بل میں ایک فرم چلا رہا ہے اور سال 2021میں ”کے پی ڈٰ سی ایل‘ ‘کو سٹیشنری اور لاگ بکس فراہم کئے ۔ ‘
ان کے مطابق گر چہ سٹیشنری کے پیسے واگزار کئے گئے لیکن سیکورٹی ڈپازٹ جو کہ 15ہزار 560روپیہ ہے کی وگزاری کی خاطر سینئر اسسٹنٹ دس ہزار روپیہ کی رشوت مانگ رہا ہے۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کئی دفعہ متعلقہ محکمہ کے ساتھ رابط قائم کیا لیکن ہر بار سینئر اسسٹنٹ لیت ولعل کا مظاہرہ کر رہا تھا اور بالآخر پیسے واگزار کرنے کی خاطر دس ہزار روپیہ کا تقاضہ کیا ۔
اے سی بی ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو نے سرکاری ملازم کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
انہوں نے بتایا کہ اے سی بی نے ایک جال بچھایا جس دوران سینئر اسسٹنٹ کو سائل سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ۔
ان کے مطابق آزاد گواہوں کی موجودگی میں سرکاری ملازم کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی۔