امت نیوز ڈیسک //
پہلگام : سکیورٹی فورسز نے ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں دو ہائی برڈ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ جموں کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور آرمی کی 3 راشٹریہ رائفلز کی مشترکہ کاروائی کے دوران 2 ہائی برڈ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار شدگان عسکریت پسندوں میں وسیم احمد شاہ ولد عبدالغنی شاہ کی شناخت ہو چکی ہے جو مٹن نمبل اننت ناگ کا رہنے والا ہے اور دوسرا عسکریت پسند عدنان احمد بیگ ولد غلام محمد بیگ کے طور پر ہوئی ہے جس کا تعلق ایس کے کالونی اننت ناگ سے ہے۔
سکیورٹی فورسز نے ان کے قبضہ سے ایک پستول ایک میگزین 8 راؤنڈ، 1 دستی بم اور 120 اے کے راؤنڈ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں عسکریت پسندوں نے سیاحوں پر فائرنگ کی تھی جس میں ریاست جے پور راجستھان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی زخمی ہو گئے تھے جن کی شناخت فرح اور تبریز کے طور پر ہوئی تھی۔ مگر ان گرفتاریوں کا تعلق سیاحوں پر ہوئے حملہ سے جوڑا نہیں جا سکتا ہے ،کیونکہ پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔









