امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 29 مئی : شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں بدھ کو ایک کنویں کے اندر بے ہوش ہونے کے بعد دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پانچ افراد کا ایک گروپ ستبوئن درد پورہ میں ایک کنویں کی صفائی کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کنویں کے اندر دم گھٹنے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو کر گر گئے۔ تاہم ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور تمام افراد کو کنویں سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دے دیا جب کہ تین افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
ایک پولیس افسر نے نیوز ایجنسی کشمیر اسکرول کو بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کی شناخت فرید احمد کھوجا اور بشیر احمد کھوجا کے نام سے کی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت محفوظ احمد، قاسم الدین اور عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ روز وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے میں ایک شخص کو بچانے کی کوشش کے دوران دو آدمی کنویں میں گر گئے۔ (کشمیر اسکرول )