امت نیوز ڈیسک //
شوپیان: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ سمیت تمام اضلاع سے منشیات کی لعنت کو اجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پولیس انتظامیہ کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔
شوپیان پولیس نے راولپورہ علاقے کے رہنے والے یعقوب شاہ اور اس کے بیٹے کو چند روز قبل ان کے گھر سے منشیات سمیت گرفتار کیا تھا۔اس کے بعد آج ان کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد، جس میں قصبہ شوپیان کے گول چوک مارکیٹ میں ایک دکان ، چودھری گنڈ علاقے میں ان کے باغیچہ اور راولپورہ میں اس منشیات فروش یعقوب شاہ کا رہائشی مکان شامل ہے کو ضبط کر لیا ہے۔
پولیس کی اس کارروائی کا مقصد علاقے میں منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرنا اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کرنا ہے۔شوپیان پولیس کی اس اہم کارروائی کو مقامی لوگوں نے سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی یہ کوشش علاقے کو منشیات سے پاک کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
مقامی باشندوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ اس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے گا۔ پولیس کے اس اقدام کو علاقے بھر میں تحسین کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے اور لوگوں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔