امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈاک بنگلوو، کھنہ بل میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے فاتح امیدوار میاں الطاف احمد لاروی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا، میاں الطاف کے وارد ہوتے ہی کارکنوں نے نیشنل کانفرنس کے حق میں نعرہ بازی کی اور میاں الطاف کو پھولوں کے ہار پہنا کر ان کو مبارکباد پیش کی۔
میاں الطاف نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات سے خوشی نہیں ہے کہ انہوں نے محبوبہ مفتی کو شکست دے دی بلکہ وہ صرف اپنی جیت پر خوش ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ محبوبہ مفتی ان کی بہن جیسی ہے اور وہ اس کی عزت کرتے ہیں۔ لاروی نے کہا کہ وہ لوگوں کے بڑے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے حق میں بڑھ چڑھ کر ووٹ ڈالے اور انہیں بڑی اکثریت کے ساتھ کامیاب کیا۔
واضح رہے کہ میاں الطاف لاروی نے اننت ناگ – راجوری لوک سبھا نشست پر بڑی اکثریت سے جیت درج کی۔ وہ اپنے سب سے بڑے حریف پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی سے پونے تین لاکھ سے بھی زائد ووٹوں سے جیت گئے۔ میاں الطاف کو پانچ لاکھ سے بھی زائد ووٹ ملے ہیں جبکہ محبوبہ مفتی سوا دو لاکھ ووٹ ہی بٹور پائی ہیں۔ اس نشست پر اپنی پارٹی کے ظفر منہاس ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں جبکہ غلام نبی آزاد کی پارٹی کے امیدوار محمد سلیم پرے نے محض پچیس ہزار ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ اس نشست پر آزاد امیدوار عبد الرؤف دس ہزاز ووٹ حاصل کر چکے ہیں جبکہ کل بیس امیدواروں میں سے پندرہ امیدوار دس ہزار ووٹ بھی حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔