امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر فقید المثال سیکورٹی بندوبست کے بیچ سری نگر کی قابل دید زیبائش و آرائش کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کے استقبال کے لئے شہر کو بینرس اور ہورڈنگز سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے اور سڑکوں کے آر پار دیواروں اور درختوں پر قومی پرچم اور بی جے پی کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔
وی آئی آئی پیز کی محفوظ اور بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے سڑکوں اور گلی کوچوں میں سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
سری نگر میں جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ’ایس کے آئی سی سی ‘ وزیر اعظم کے استقبال کے لے ہر لحاظ سے تیار ہے، اس عمارت کے گرد و پیش جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں وہیں ’ایس کے آئی سی سی ‘ کو دولہن کی طرح آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کشمیر کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
سری نگر کی سبھی اہم شاہراوں پر موبائیل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کے موبائیل فون بھی چیک کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی جارہی ہیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کوناکام بنایا جاسکے۔