امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: بیت اللّہ کی زیارت کے بعد جموں وکشمیر کے حجاج کرام کی پہلی پرواز ہفتے کی رات سرینگر پہنچی۔ 322 حاجیوں پر مشتمل پر یہ پہلا قافلہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رات 9 بجکر 15 منٹ پر سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پہنچا۔
اس موقعے پر جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ارکان، پولیس افسران اور ایئرپورٹ حکام نے حاجیوں کا استقبال کیا۔ جموں وکشمیر حج کمیٹی کے مطابق آج ایک فلائٹ طے کی گئی تھی جس میں 166 مرد اور 156 خواتین سمیت 322حاجی موجود تھے۔
جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر قریشی نے کہا کہ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حاجیوں کی آمد اور امیگریشن سمیت ضروری کاروائی کے بعد حجاج کرام اپنے رشتہ داروں کے ساتھ گھروں کو واپس گئے۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کو ریسیو کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے گاڑیوں کے پاس پہلے ہی آن لائن جاری کیے جا چکے ہیں۔ امیگریشن عملے کو بھی جموں و کشمیر پولیس نے تعینات کیا ہے اور حج کمیٹی کے عملے کو بھی ائیر پورٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس سال خطے کے 7ہزار سے زائد افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ ان میں سے تقریباً 6 ہزار 8 سو افراد سرینگر ایمبریکیشن پوائنٹ کے ذریعے روانہ ہوئے۔ جبکہ 500 سے زائد عازمین دیگر ایمبریکیشن پوائنس سے سفر محمود پر روانہ ہوئے۔