امت نیوز ڈیسک //
سری نگر،: انپسکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون وی کے بردی نے یہاں پولیس کنٹرول روم کے کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ کے دوران 29 جون سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس میٹنگ میں ڈی آئی جی وسطی کشمیر، ڈی آئی جی شمالی کشمیر، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، کشمیر زون کے تمام ضلعوں کے ایس ایس پیز، ایس ایس پی ٹریفک سٹی، ایس ایس پی ٹریفک رورل، ایس ایس پی سیکورٹی، ایس ایس پی اے پی سی آر، اور ایس پی ٹیلی کمیونکیشن نے شرکت کی۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ میٹنگ میں موجود افسروں نے آئی جی پی کشمیر کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن (پی پی ٹی) کے ذریعے سیکورٹی پلان کے بارے میں آگاہی فراہم کی جس میں ان کے متعلقہ اضلاع کی مخصوص ضروریات اور امرناتھ یاترا کے ہموار انعقاد کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے، آئی جی پی کشمیر نے حفاظتی کوششوں کو مربوط بنانے اور آپریشنل، قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک متفقہ نقطہ نظر کو یقینی بنانے کے لئے وضع کردہ ایس او پیز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔مسٹر بردی نے شاہراہوں پر چوکس گشت اور نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے روڈ اوپننگ پارٹیوں کی تعیناتی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے یاتریوں کی محفوظ نقل و حمل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
آئی جی پی کشمیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ رات کے وقت کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو روکنے کے لئے شبانہ بندوبست کو مضبوط کریں۔انہوں نے گاڑیوں میں یاترا کرنے والوں اور پیدل یاترا کے شیڈول اور کٹ آف اوقات کا بھی جائزہ لیا جو مقررہ راستوں پر یاتریوں کے منظم اور محفوظ بہائو کو بر قرار رکھنے کے لئے اہم ہے۔میٹنگ کے دوران انہوں نے ایس او پیز کی بنیاد پر فرضی مشقیں کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ زمینی سطح پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے اور بہتری کے لئے علاقوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
آئی جی پی کشمیر نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اور ڈی آئی جی وسطی کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ زونز میں ہائی ڈینسٹی کائونٹر آپریشن منصوبوں کا جائزہ لیں تاکہ جامع سیکورٹی کوریج کو یقینی بنایا جا سکے اور ممکنہ خطرات کا بر وقت جواب دیا جا سکے۔میٹنگ کے دوران انہوں نے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے اور قابل عمل انٹلی جنس پیدا کرکے ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے ساتھیوں کوچیک کرنے پر زور دیا۔
مسٹر بردی نے تمام افسروں سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد رہنے کی تاکید کی اور رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے افسروں کو ہدیات دی کہ وہ تمام سٹریٹیجک مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر تمام کیمپنگ مقامات پر سخت سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے افسروں پر ہر یاترا کیمپ پر مناسب افرادی قوت کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔بتادیں کہ امسال 52 دنوں پر محیط سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 29 جون سے شروع ہوگی۔یاترا حسب روایت 48 کلو میٹر طویل بنون – پہلگام اور 14 کلو میٹر طویل بالتل روٹس سے شروع ہوگی۔سال گذشتہ زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے شری امر ناتھ جی یاترا کی تھی۔(یو این آئی)