(سرینگر) جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مشتہر شدہ محرم پروگرام کے تحت وادی کے طول و عرض میں جلوس ہائے عزاءکی برآمدگی کا آغاز ہوا۔ اس سلسلے میں آج چوتھی محرم کو ہمدانیہ کالونی بمنہ ،عشائی باغ سرینگراور گنائی دوری سرینگر میں علم شریف کے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔جلوس ہائے عزا کے دوران مرثیہ اور نوحہ خوانی کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف خطوں میں ظلم و بربریت کے شکار مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں گئی۔ ہمدانیہ کالونی بمنہ میں جلوس علم شریف سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے معرکہ کربلا کے کئی گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے امام عالیمقام اور ان کے اصحاب و انصار کی عظیم قربانیوں کو عقیدت کا خراج نذر کیا۔









