امت نیوز ڈیسک //
سری نگر :نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر سکینہ یتو نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کی دمہال ہانجی پورہ اسمبلی نشست کے لئے جمعہ کے روز کاغذات نامزدگی جمع کئے۔وہ جمعہ کی صبح ضلع مجسٹریٹ کولگام کے دفتر میں پہنچ گئیں اور وہاں کاغذات نامزدگی جمع کئے۔اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔سال 2014 کے اسمبلی انتخابات میں سکینہ یتو کو پی ڈی پی امیدوار عبدالمجید پڈر جو اس وقت اپنی پارٹی کے ساتھ ہیں، نے ہرایا تھا۔تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق سکینہ یتو اس اسمبلی نشست کی ایک مضبوط امید وار ہیں۔
اس اسمبلی نشست کے لئے انتخابات کے پہلے مرحلے یعنی 18 ستمبر کو پولنگ ہوگی جس کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد 99 ہزار سے زیادہ ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری نوٹیفکیشین کے مطابق پہلے مرحلے میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع کی 24 اسمبلی نشستوں کی پولنگ ہوگی۔جموں وکشمیر کی باقی 66 اسمبلی نشستوں کی پولنگ دوسرے اور تیسرے مرحلوں میں 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوگی۔