امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل ہونے کے ساتھ ہی کانگریس اور انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے اپنے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ کانگریس کے نئے مقرر کردہ صدر، طارق حمید قرہ، این سی – کانگریس اتحاد کے امیدوار کے طور پر سری نگر کے شالہ ٹینگ (سابقہ بٹہ مالو) سے انتخاب لڑیں گے۔ ان کا مقابلہ پی ڈی پی کے قیوم بھٹ سے ہوگا جو قرہ کے مقابلے میں سیاست میں نئے ہیں۔
طارق قرہ سال 2008 میں پی ڈی پی کی ٹکٹ پر بٹہ مالو انتخابی حلقہ (موجودہ سینٹرل-شالہ ٹینگ) سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، تاہم وہ 2014 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے عرفان شاہ سے کم ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ انہوں نے سال 2019میں پارلیمانی انتخابات میں سرینگر سے جیت درج کی تھی۔ طارق قرہ پی ڈی پی کے بانی رہنماؤں میں سے تھے، لیکن 2017 میں پی ڈی پی – بی جے پی مخلوط حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے پی ڈی پی چھوڑ دی تھی اور پارلیمنٹ سے بھی مستعفی ہوئے تھے۔
ادھر، این سی کے سینئر لیڈر عرفان شاہ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ طارق قرہ کے خلاف آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے کیونکہ این سی نے اتحاد معاہدے کے مطابق یہ نشست کانگریس کو دی ہے۔ کانگریس نے ریاسی کی نشست سے سابق رکن اسمبلی ممتاز خان کو میدان میں اتارا ہے۔ ممتاز خان معروف گوجر رہنما مرحوم بلند خان کے صاحبزادے ہیں۔ وہ 2020 میں پارٹی چھوڑ کر الطاف بخاری کی اپنی پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔ لیکن حال ہی میں اپنی پارٹی چھوڑ کر کانگریس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ دو بار اسی نشست سے جموں و کشمیر اسمبلی کے لیے منتخب ہو چکے ہیں۔
کانگریس کے دیگر چار امیدواروں میں بھوپیندر جموال (شری ماتا ویشنو دیوی)، افتخار احمد (راجوری – ایس ٹی)، شبیر احمد خان (تھنہ منڈی – ایس ٹی) اور محمد شاہنوا چودھری (سورن کوٹ – ایس ٹی) شامل ہیں، جو این سی کے ساتھ اتحاد کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔
شاہنواز چودھری کا مقابلہ اکرم چودھری سے ہوگا جو 2014 میں اسی نشست سے کانگریس کے ایم ایل اے تھے۔ تاہم انہوں نے 2020 میں پارٹی چھوڑ کر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران انہوں نے ایک اور چھلاانگ لگائی اور این سی میں شامل ہو گئے، اس امید کے ساتھ کہ انہیں اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹ ملے گا۔ تاہم جب کانگریس اور این سی نے اتحاد میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو اکرم کے خواب چکنا چور ہو گئے اور انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ اکرم، این سی کے ایم پی میاں الطاف کے رشتہ دار (کزن) ہیں۔ کانگریس کے صدر طارق قرہ نے بتایا کہ کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی نے آج 23 امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید نام آنے والے دنوں میں اعلان کیے جائیں گے۔
دریں اثناء، ایم پی انجینئر رشید، جو اس وقت جیل میں ہے، کی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے چھ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے جو آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ ان میں سابق پی ڈی پی ایم ایل سی یاسر ریشی بھی شامل ہیں جنہوں نے آج پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے 2021 میں سجاد لون کی پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی تھی، لیکن آج انہوں نے لون کو خیر باد کیا اور سمبل-سوناواری سیٹ سے اے آئی پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
اے آئی پی نے سابق پروفیسر نصیر احمد راتھر کو واگورہ – کریری سیٹ سے نامزد کیا ہے جہاں ان کا مقابلہ کانگریس – این سی کے امیدوار عرفان حفیظ لون سے ہوگا۔ پروفیسر نصر نے حال ہی میں اپنی ملازمت چھوڑ کر سیاست میں قدم رکھا ہے۔ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا آغاز 18 ستمبر سے ہو رہا ہے، 18ستمبر کو پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو (بالترتیب) منعقد ہوگا۔