امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: انتخابی حکام نے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کو ضلع کپواڑہ کے ترہگام میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ’’مودی کا جو یار ہے، غدار ہے، غدار ہے‘‘ کے نعرے لگانے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس میں لون سے حکام کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ ان نعروں پر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ اطلاع ملی ہے کہ آپ نے ترہگام میں اپنی انتخابی مہم کی تقریر کے دوران غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا ہے جو خاص طور پر ’’مودی کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے‘‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں جو کہ MCC/ECI کے رہنما خطوط کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ضلع کپواڑہ کے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے نوڈل افسر نے لون سے کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اپنا جواب داخل کرے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں معاملہ کو قواعد کے تحت مزید کارروائی کے لیے چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر کو بھیج دیا جائے گا۔











