امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے دہلی دورہ کے دوسرے دن وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا ایکس پر دونوں لیڈروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات کی جانکاری دی ہے۔ جموں کشمیر کے وزیراعلیٰ کی پی ایم مودی سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتہ بعد عمر عبداللہ نے جمعرات کی شام وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر ریاست کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے سے متعلق کابینہ کی قرارداد وزیراعطم کو پیش کی۔
واضح رہے، وزیر اعلیٰ نے کابینہ کے افتتاحی اجلاس میں پانچ وزراء کے ساتھ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کی قرارداد منظور کی تھی۔ کابینہ نے اسے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء کے سامنے پیش کرنے کا وزیراعلیٰ کو اختیار دیا تھا۔
نئی دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ عمر عبداللہ کی اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں امت شاہ نے انہیں ریاست کا درجہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا تھا۔
اس سے پہلے، عبداللہ نے جمعرات کو وزیر دفاع اور سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری سمیت اہم مرکزی وزراء سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں ہاتھ سے بنائی گئی کشمیری شالیں پیش کیں۔










