امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 8 فروری: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اور ان کی والدہ کو گھرمیں نظر بند کر دیا گیا ہے، ان کے دروازے کو حکام نے بند کر دیا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، التجا مفتی نے کہا، "میری ماں اور مجھے دونوں کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ہمارے دروازوں کو بند کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ سوپور جانے والی تھی جہاں وسیم میر کو فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔“
التجا مفتی نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ” میں نے آج مکھن دین کے خاندان سے ملنے کے لیے کٹھوعہ جانے کا ارادہ کیا تھا اور مجھے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی تھی۔ “
پی ڈی پی لیڈر نے مزید کہا کہ” انتخابات کے بعد بھی کشمیر میں کچھ نہیں بدلا۔ اب تو متاثرین کے اہل خانہ کو تسلی دینے کو بھی جرم قرار دیا جا رہا ہے۔ “










