امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کو لے کر دہلی جانے والی انڈگو کی پرواز کو ہفتے کی رات مبینہ طور پر جے پور کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے دہلی ہوائی اڈے پر طیاروں کے آپریشنل نظام پر سخت تنقید کی۔
دیر رات ایکس پر لکھی گئی ایک پوسٹ میں عبداللہ نے اس واقعے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہلی ایئرپورٹ پر بدانتظامی کا الزام عائد کیا۔ وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیاروں کے آپریشن کے لیے مناسب انتظامات کا فقدان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تین گھنٹے تک ہوا میں رہنے کے بعد ہمیں جے پور بھیج دیا گیا۔ جب طیارہ جے پور ہوائی اڈے پر پہنچا تو انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں رات ایک بجے جہاز کی سیڑھیوں پر تازہ ہوا کا لطف لے رہا ہوں۔ جے پور سے فلائٹ کی روانگی میں تاخیر پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پتہ نہیں کب یہاں سے پرواز کرے گا۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلی نے فلائٹ سے اتر کر طیارے کے پاس کھڑے ہو کر ایک سیلفی لی اور اسے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں یہاں تازہ ہوا لے رہا ہوں۔ عبداللہ سمیت طیارے میں سوار مسافر آدھی رات کے بعد جے پور میں طیارے میں ہی پھنسے رہے۔ اس واقعے پر انڈگو کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم ایئر لائنز کی جانب سے طیاروں کے آپریشن کے حوالے سے سفری ہدایات پہلے ہی جاری کر دی گئی تھیں۔
اس سے قبل جموں کے ہوائی اڈے پر بھی ایسی ہی صورت حال رہی تھی۔ مسافر فلائٹ سروس میں تاخیر کی شکایت کرتے نظر آئے۔ سرینگر میں خراب موسم کی وجہ سے فلائٹ آپریشن میں خلل پڑا جس سے متعدد کنیکٹنگ پروازیں متاثر ہوئیں۔ انڈگو نے جمعہ کی شام ایکس پر ایک پوسٹ میں ایک سفری ہدایات جاری کیں۔ ایئر لائن نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ ‘سرینگر میں موسمی حالات فلائٹ آپریشن کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کو ہونے والی زحمت کے لیے پہلے ہی معذرت کر لی ہے۔ نیز مسافروں سے کہا گیا کہ وہ وقت پر اپنی پرواز کے اسٹیٹس کے بارے میں اپ ڈیٹ رہیں۔
اگر آپ کی پرواز متاثر ہوتی ہے، تو آپ اپنی سہولت کے مطابق ری بکنگ کے اختیارات تلاش کر سکتے ہیں یا ہماری ویب سائٹ کے ذریعے آسانی سے رقم کی واپسی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔’ اس میں کہا گیا کہ ‘ہماری ٹیمیں سرگرمی سے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی، ہم مناسب طریقے سے آپریشن دوبارہ شروع کریں گے۔









