امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: محکمہ موسمیات نے کشمیر میں ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے سرینگر ونگ نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آج دوپہر سے دیر شام تک زیادہ تر مقامات پر موسم ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ آندھی، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ پیر (21 اپریل) کو موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ منگل (22 اپریل) سے 28 اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہے گا جب کہ 25 اپریل کی شام سے آبر آلود رہے گا۔
مسافروں اور کسانوں کے لیے مشورہ
آئی ایم ڈی نے مسافروں اور کسانوں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطرناک جگہوں پر سفر کرنے اور باغات میں کیڑے مار دوا چھڑکنے سے گریز کریں۔
آئی ایم ڈی ڈی نے اپنے الرٹ کہا کہ "تمام متعلقہ افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور ایڈمن/ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 21 اپریل تک کھیت اور باغات کے کاموں کو معطل کر دیں۔”
خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھراؤ کا امکان ہے، لوگوں کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
وادی کشمیر میں دو دن تک وقفے وقفے سے ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی۔ گرج چمک کے ساتھ معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا۔ حکام شوپیاں، ترال، پلوامہ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں باغات کو ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا رہے ہیں جو ژالہ باری سے متاثر ہوئے ہیں۔










