امت نیوز ڈیسک //
راجستھان کے چورومیں آج بدھ کوہندوستانی فضائیہ کا ایک طیارہ تباہ ہوگیا ہے۔ یہ حادثہ رتن گڑھ میں ہوا ہے۔ ملبے سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ لاش پائلٹ کی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کی ٹیم بھی جائے حادثہ کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔ حادثے کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس کودی۔ جانکاری ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوراً جائے حادثہ پرپہنچ گئی تاکہ علاقے کومحفوظ کیا جاسکے اورآگے کی جانچ میں مدد مل سکے۔ فی الحال پائلٹ کی پہچان اورطیارہ سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
200 فٹ کے دائرے میں پھیل گیا ملبہ
چوروکے رتن گڑھ تحصیل کے بارڈرگاؤں بھانودا بیدا وتان میں طیارہ تباہ ہونے کے بارے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکرالی روڈ پر چارنان محلہ کے پاس واقع بیڑ میں آسمان سے جلتا ہوا طیارہ گرا۔ اس کے تقریباً 200 فٹ کے دائرے میں جگہ جگہ پلین کے جلتے ہوئے کئی ٹکڑے گرے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طیارہ میں سوارلوگوں کی لاش کے ٹکڑے بھی آس پاس بکھرگئے۔ بھانودا گاؤں ہی نہیں آس پاس کے گاؤں سے بھی بڑی تعداد میں گاؤں کے لوگ جائے حادثہ پرپہنچ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک فائٹر پلین جلتا ہوا آکرگرا ہے، جس میں ممکنہ طور پر ایک یا دولوگ سوارتھے۔
مارچ-اپریل میں بھی ہوا تھا حادثہ
گزشتہ کچھ ماہ میں جگوارکے حادثہ کا شکارہونے کے کئی معاملے سامنے آچکے ہیں۔ اس سے پہلے دو اپریل کوبھی گجرات کے جام نگر کے پاس ہندوستانی فضائیہ کا جگوارطیارہ تباہ ہوگیا تھا۔ ہندوستانی فضائیہ کا یہ ڈیپ پینیٹریشن اسٹرائیک فائٹر جگوار تھا۔ یہ حادثہ دیر رات 9:30 بجے ہوا۔ یہ جگوارٹوئن سیٹرٹرینرایئرکرافٹ تھا اوراس میں دو پائلٹ سوارتھے۔ حادثے میں ایک پائلٹ بچ گیا تودوسرے کی موت ہوگئی۔ وہیں، 7 مارچ کو بھی ہندوستانی فضائیہ کا ڈیپ پینیٹریشن اسٹرائیک ایئرکرافٹ جگوار حادثے کا شکارہوگیا تھا۔ یہ حادثہ انبالہ کے پاس ہوا تھا۔ حادثے کے وقت ایئرکرافٹ انبالہ ایئر بیس سے اپنی روٹین پرواز پرتھا، لیکن پنچکولہ کے قریب پہنچ کرحادثے کا شکار ہوگیا۔









