امت نیوز ڈیسک //
پونچھ : جموں کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کے درمیان مبینہ طور ہونے والی اچانک جھڑپ نے ایک کشمیری قیدی کو اسپتال پہنچا دیا ہے، جہاں وہ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔ جھڑپ کے بعد جیل کے اندر اور اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے جیل حکام نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز اُس وقت پیش آیا جب جیل میں قیدیوں کے درمیان کسی معاملے پر تکرار ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد جھڑپ میں تبدیل ہو گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق مارپیٹ اتنی شدید تھی کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک قیدی، نذیر احمد، بری طرح زخمی ہو گیا۔ زخمی قیدی کو فوری طور پر راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع اسپتال، پونچھ، منتقل کیا گیا، جہاں اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد شفیق کے مطابق اُس کا علاج جاری ہے اور فی الحال حالت مستحکم ہے۔
واقعے کے بعد جیل کے اندر اور باہر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں، جس پر سی آر پی ایف اور ضلع پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ جیل حکام نے اس پورے واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، نہ ہی زخمی قیدی کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق اندرونی انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا ماننا ہے کہ یہ تصادم قیدیوں کے درمیان کسی قدیم تنازعے یا ذاتی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ پولیس اور اعلیٰ انتظامی افسران نے بھی موقع پر پہنچ کر جیل کا معائنہ کیا اور واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ فی الحال جیل کے اندر سناٹا طاری ہے، مگر واقعے نے ایک بار پھر جیلوں کے اندر سکیورٹی نظام، نگرانی اور قیدیوں کے رویّے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔








