امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر کے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے پنچایت انتخابات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک جعلی حکم نامے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے کہ ایسا کوئی سرکاری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک جعلی دستاویز جس مین دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنچایت انتخابات نومبر 2025 کے بعد کرائے جائیں گے۔ محکمہ کے حکام نے اس خبر کو مکمل طور پر من گھڑت، جھوٹی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن ہی واحد مجاز ادارہ ہے جو انتخابات کا شیڈول جاری کر سکتا ہے، اور تاحال اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کریں۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ جعلی سرکاری دستاویزات پھیلانا قابلِ سزا جرم ہے، جس پر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور تعزیراتِ ہند کی دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ جعلی حکم نامہ تیار کرنے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔











