امت نیوز ڈیسک //
مشرقی افغانستان میں پیر کی صبح ایک شدید زلزلے نے تباہی مچا دی جس میں کم از کم 610 افراد جاں بحق اور 1,300 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان حکومت کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ امدادی ٹیمیں دور دراز اور پہاڑی علاقوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز جلال آباد کے قریب، پاکستان کی سرحد کے نزدیک تھا۔ زلزلہ رات تقریباً 12 بج کر 45 منٹ (بھارتی وقت کے مطابق) آیا، جس کی گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر تھی۔
زلزلے نے کئی دیہاتوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا اور بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ہلاکتیں زیادہ تر نور گل، سوکی، واٹپور، منوگی اور چپادرے اضلاع میں ہوئی ہیں۔
افغان وزارت صحت کے ترجمان شرفات زمان نے بتایا:
"امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، اور کئی دیہات مکمل طور پر زمین بوس ہو چکے ہیں۔”
افغان ریڈ کریسنٹ کی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔








