امت نیوز ڈیسک //
شوپیاں: سٹیٹ انویسٹیگیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے آج صبح جنوبی، شمالی اور مرکزی کشمیر سمیت وادی بھر میں متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپہ مار مارا ہے۔ ان کارروائیوں میں پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ چھاپے شوپیاں اور کولگام سمیت کشمیر بھر کے متعدد اضلاع میں جاری ہیں۔ اس دوران شوپیان ضلع کے ہیپورہ بٹہ گنڈ علاقے میں بھی ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی گئی، جب کہ کولگام کے بوزگام کِلم علاقے میں بھی چھاپے مارے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایس آئی اے نے گھروں کی تلاشی لی۔ تاہم یہ کارروائیاں کن مخصوص معاملات کے سلسلے میں کی گئیں، اس بارے میں تاحال ایس آئی اے کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل شوپیان ضلع میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے اسی طرح ایک چھاپے مار کاروائی کے دوران ایک عسکریت پسندوں کے معاونین کی جائیداد اٹیچ کی تھی۔
پچھلے ماہ بھی کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے سنیچر کو وادی کے سات اضلاع میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے اور دہشت گردی سے منسلک ایک معاملے کی جانچ کے سلسلے میں تلاشی لی۔
مزید پڑھیں:۔بی جے پی ووٹ چوری سے اقتدار پر قابض، ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم کے دوران کانگریس کا بیان
سابقہ چھاپوں سے متعلق حکام بتایا تھا کہ یہ چھاپے سرینگر، بارہمولہ، اننت ناگ، کپواڑہ، ہندواڑہ، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں مارے گئے۔ اس دوران "ایجنسی کی طرف سے درج ایک مقدمے کے سلسلے میں مجاز عدالت کے جاری کردہ وارنٹ کے تحت مختلف مقامات کی تلاشی لی۔”









