امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے بدھ کی صبح سرچ آپریشن شروع کیا گیا اس دوران حفاظتی اہلکاروں نے ضلع کے گڈول جنگلاتی علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران دو سیکورٹی اہلکار لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیز کو ایک مخصوص اطلاع ملی کہ مذکورہ علاقے میں ملی ٹنٹ چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیز نے گڈول جنگلات کے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کر دی۔ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹس کی تعداد یا عسکری تنظیم کے ساتھ وابستگی ظاہر نہیں کی ہے اور خبر تحریر کیے جانے تک علاقے میں محاصرہ جاری تھا اور ملی ٹنٹس اور سیکورتی فورسز کے مابین آمنے سامنے کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست ماہ میں اسی علاقے میں تلاشی مہم کے دوران چھپے ملی ٹنٹس اور سیکورٹی ایجنسیز کے درمیان تصادم آرائی ہوئی تھی جس میں فوجی افسران، جموں و کشمیر پولیس کے ڈی وائی ایس پی سمیت کم از کم چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ جھڑپ میں کئی دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔ گڈول علاقے کا وہ آپریشن کشمیر کے طویل ترین آپریشنز میں سے ایک ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہا۔ گزشتہ ماہ بھی جنوبی کشمیر کے ہی علاقے میں دس روز سے زائد عرصے تک ایک انکاؤنٹر جاری رہا تھا۔(ای ٹی وی بھارت)







