امت نیوز ڈیسک //
کوکرناگ: جنوبی کشمیر کے کوکرناگ کے بالائی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران لاپتہ ہونے والے ایک پیرا ٹروپر کی لاش جمعرات کو برآمد کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ اہلکار تین روز قبل برفانی تودہ یا برفانی طوفان کی زد میں آ کر ہلاک ہوا۔
افسران نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اہلکار کی لاش کے ساتھ اس کا رَک سَیک (بیگ) اور سروس رائفل بھی ملی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسی سرچ اور کورڈن آپریشن کا حصہ تھا جو اس ہفتے کے اوائل میں پہاڑی علاقے میں شروع کیا گیا تھا۔
اہلکار کی شناخت تاحال سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پیرا ٹروپرز کی ایک ٹیم خراب موسمی حالات میں کارروائی کر رہی تھی اور اچانک شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئی۔
واقعے کے بعد دو اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد مشکل زمینی حالات اور کم دکھائی دینے والے موسم کے باوجود فوری طور پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔








