امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 29 اکتوبر: میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی عمر فاروق نے سینئر کشمیری رہنماؤں شبیر احمد شاہ اور محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شبیر شاہ صاحب کے اہلِ خانہ کے مطابق ان کی حالت انتہائی نازک ہے اور فوری علاج و معالجے کی ضرورت ہے۔ میرواعظ نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں رہا کیا جائے یا کم از کم گھر پر نظر بند کیا جائے تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کی صحت بھی مسلسل قید و بند کے باعث بگڑ رہی ہے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔
میرواعظ نے تمام کشمیری نظربندوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی کے ارکان، خصوصاً حکمران جماعت، سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر متحد ہو کر کشمیری قیدیوں کی رہائی اور راحت کے لیے آواز اٹھائیں۔









